اتوار, 28 اپریل 2024


اسمارٹ ایپلی کیشنز، حجاج کرام کے لیے نیا تحفہ

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برق رفتار ترقی نے جہاں روز مرہ معمولات زندگی میں انسان کے لیے ہمہ نوع آسانیاں اور سہولیات پیدا کی ہیں وہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی عازمین حج کے لیے بھی کسی تحفے سے کم نہیں کیونکہ اسمارٹ اپیلی کیشنز سے عازمین حج کو مناسک حج کے بارے میں مناسب رہ نمائی فراہم کرنے کی منفرد کوشش کی گئی ہے۔

اسمارٹ فون اور اسمارٹ ایپلی کیشنز سے جہاں عازمین حج کو اپنے اقارب سے رابطے کی بہتر اور بروقت سہولت مہیا کی ہے وہیں عازمین حج مناسک حج، حج کے طریقہ کار، حج کے مسائل اور مشاعر مقدسہ کو سمجھنے میں بھی رہ نمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ اسمارٹ اپیلی کیشن کی مدد سے کوئی بھی عازم حج وعمرہ با آسانی یہ جان سکتا ہے کہ عمرہ اور حج کے فرائض کی انجا دہی میں کون سے امور حرام اور کون سے مباح، سنت، واجب اور فرض ہیں۔ نیز انہیں کس ترتیب سے حج یا عمرہ کے فرائض ادا کرنے ہیں۔المطوف نامی اپیلی کیشن عازمین حج کے لیے بیت اللہ کے طواف میں رہ نمائی کے لیے تیار کی گئی ہے۔

اسمارٹ فون میں اس اپیلی کیشن کی مدد سے مشاعر مقدسہ میں رش کے بارے میں فوری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ ایپلی کیشن میں طواف کعبہ کے لیے بنائی گئی مختلف منازل کا نقشہ اور دیگر معلومات، صفا اور مروہ کے درمیان سعی کے مقام، رمی جمرات کی طرف جانے والے راستے کی رہ نمائی، حج وعمرہ کی ادائی سے متعلق فقہی مسائل، ضروری آداب اور ہرمقام کے لیے مختص اذکار مسنونہ اس اپیلی کیشن کا اہم جزو ہیں۔

حج وعمرہ گائیڈنامی یہ ایپلی کیشن عربی زبان سے ناواقف عازمین حج وعمرہ کے لیے ایک رہ نما کتاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں مختلف زبانوں میں حج کے قدم بہ قدم آداب اور مناسک، حج سے متعلق ضروری فقہی مسائل، حج کی شرائط، واجبات، صفات، فضائل، آداب، مواقیت، احرام کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ ان غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو عموما حج یا عمرہ کے موقع پر حجاج و معتمرین سے سرزد ہوتی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment