بدھ, 27 نومبر 2024


فیس بک اب آپ کی غیر ضروری اشیاءکو ٹھکانے لگانے کا کام بھی کرے گی


ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کوئی پرانی چیز کسی اچھی آن لائن ویب سائٹ پر فروخت کرنا چاہتے ہیں ؟ تو کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں اب فیس بک ہی آپ کی غیر ضروری اشیاءکو ٹھکانے لگانے کا کام بھی کرے گی۔ جی ہاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے اپنے ایک نئے آپشن ' مارکیٹ پلیس' کو متعارف کرا دیا ہے جہاں صارفین اپنے نیوز فیڈ کے نیچے موجود ایک نئے ٹیب کے ذریعے اشیاءکو خرید اور فروخت کرسکیں گے۔ فیس بک پراڈکٹ منیجر میری کیو کے مطابق مارکیٹ پلیس اشیاءکی پیشکش تو فراہم کرے گا مگر فیس بک کے پلیٹ فارم پر براہ راست پیسوں کا تبادلہ نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم خریدار اور فروخت کنندہ کے درمیان سہولت فراہم کریں گے اور وہ خود فیصلہ کریں گے کہ پیسوں اور سامان کا تبادلہ کیسے ہوگا۔ آسان الفاظ میں اب فیس بک او ایل ایکس جیسی ویب سائٹ کا کام بھی کرنے والی ہے اور اب آپ اپنے ارگرد موجود افراد کو اشیاءفروخت کرتے دیکھ سکیں گے۔

یہ کیسے کام کرے گا؟
اس کا طریقہ کار فیس بک نے بہت آسان رکھا ہے، نیوزفیڈ کے نیچے موجود مارکیٹ پلیس ٹیب پر کلک کریں جو آپ کو اس پیج پر لے جائے گا جو آپ کے علاقے کا ہوگا۔ آپ وہاں فہرستوں یا کی ورڈز کے ذریعے مطلوبہ شے کو سرچ کرسکیں گے اور اس کی قیمتوں کا موازنہ دیگر شہروں سے بھی کرسکیں گے۔ جب آپ کو مطلوبہ چیز مل جائے گی تو آپ فروخت کنندہ کو براہ راست میسج کرسکتے ہیں یا اس کی پروفائل پر کلک کرسکتے ہیں۔

اس سے بات چیت کرکے ٹرانزیکشن کو مکمل کرنے کے لیے آپ کو ایک معاہدے تک پہنچنا ہوگا۔ اسی طرح اشیاءکو فروخت کرنا بھی آسان ہے، بس ' Sell ' بٹن پر کلک کریں، اس چیز کی تصویر لیں اور کچھ تفصیلات دے دیں۔ یہ فیچر اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ہی کام کرسکے گا اور فی الحال امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں اسے دنیا بھر تک توسیع دے دی جائے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment