ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) ہونڈا کو ویسے تو بہترین گاڑیوں کے لیے جانا جاتا ہے مگر اس جاپانی کمپنی نے پہلی بار تھری ڈی پرنٹر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بھی کار تیار کرلی ہے۔ ویسے ہونڈا تھری ڈی پرنٹر کے پینل سے گاڑی کو تیار کرنے والی پہلی کمپنی نہیں تاہم یہ سب سے بڑی ضرور ہے اور اس لیے یہ زیادہ نمایاں ہے۔ پیرس میں جاری آٹو شو کے دوران ہونڈا نے اپنی تھری ڈی پرنٹڈ مائیکرو ای وی ایس کو متعارف کرایا۔ ابھی تو یہ گاڑی صرف نمائش کے لیے رکھی گئی ہے مگر مستقبل میں اسے فروخت کے لیے بھی پیش کیا جائے گا اور جاپانی کمپنی اس گاڑی کا ڈیزائن صارف یا ڈرائیور کی پسند کے مطابق ڈھال کر دے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھوٹی گاڑی ہے اور اس میں ایک وقت میں تین لوگ سفر کرسکیں گے۔ ہونڈا کے ایک ترجمان کے مطابق اس گاڑی کا ڈیزائن اور انجنیئرنگ موٹرسائیکل ڈویژن سے لیا گیا اور یہ گنجان آباد علاقوں کو مدنظر رکھ تیار کی گئی ہے۔ ہونڈا کے مطابق یہ تھری ڈی ٹیکنالوجی میں اس کا پہلا قدم ہے اور اسے الیکٹرک کار کی شکل دے کر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق تھری ڈی پرنٹنگ ٹٰکنالوجی سے گاڑی کی مکمل باڈی تیار کرنے سے ڈیزائن کی تیاری کا وقت کم ہوگا جبکہ لاگت بھی کم ہوجائے گی۔