بدھ, 27 نومبر 2024


گلیکسی نوٹ 7 کے فونز کو بدل کر دوبارہ پیش کردیا گیا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کے لیے گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹنے سے مشکلات کا سفر مزید بدترین ہوتا جارہا ہے۔ ایک ماہ پہلے گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹریوں میں مسئلے کے باعث اس جنوبی کورین کمپنی کو دنیا بھر سے گلیکسی نوٹ 7 کو واپس بلانا پڑا تھا جو کہ بچوں کے زخمی ہونے، گاڑیاں تباہ ہونے اور دیگر مسائل کا باعث بن رہا تھا۔ اس وقت یہ سام سنگ کی جانب سے ایپل کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوا جس کا آئی فون سیون انہی دنوں متعارف کرایا گیا۔ مگر اب سام سنگ کو زیادہ بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔

سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ 7 کے فونز کو بدل کر اور محفوظ قرار دے کر گزشتہ دنوں دوبارہ پیش کیا گیا۔ مگر اس فون میں گزشتہ روز ایک ہوائی پرواز کے دوران اچانک ہی دھواں نکلنے لگا اور طیارے میں سے لوگوں کا انخلاءکرانا پڑا۔ اگر یہ تبدیل شدہ ڈیوائس ایک بار پھر بیٹری کے باعث متاثر ہونا ثابت ہوگیا تو یہ سام سنگ کے لیے بہت بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی فضائی کمپنیوں نے پہلے ہی مسافروں کو نوٹ 7 کے ساتھ سفر کرنے سے روک دیا ہے اور اگر محفوط قرار دیئے گئے فونز میں بھی یہ مسئلہ سامنا آتا رہا تو بیشتر فضائی کمپنیاں اس کمپنی کے تمام فونز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کرسکتی ہیں۔

مگر سام سنگ کی مشکلات کا فائدہ اب ممکنہ طور پر گوگل کو ہونے والا ہے جس نے گزشتہ دنوں اپنا اسمارٹ فون پکسل متعارف کرایا۔ سام سنگ کے فون میں خرابی درحقیقت گوگل کے اس نئے فون کے لیے بہت بڑا تحفہ ثابت ہوسکتی ہے جو وہ آئی فون کی مارکیٹ پر قبضے کے ساتھ سام سنگ کی صورتحال سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ بلکہ گوگل کے لیے سام سنگ کے صارفین کو حاصل کرنا زیادہ آسان ہے کیونکہ آئی او ایس سے اینڈرائیڈ میں منتقل ہونا شاید مشکل ہو مگر اینڈرائیڈ سے اینڈرائیڈ آسانی سے لوگ قبول کرلیں گے۔ سام سنگ گلیکسی سیریز کو آئی فون کا حریف قرار دیا جاتا ہے مگر گوگل کو توقع ہے کہ جنوبی کورین کمپنی کی موجودہ صورتحال اسے یہ خلاءبھرنے میں مدد دے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment