ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ اوپر موجود تصویر میں ایسی کیا خاص بات ہے جس نے انسانی زندگی کو بدل کر رکھ دیا؟ اگر نہیں تو جان لیں کہ وہ تصویر ہے جو پہلی بار کسی موبائل فون سے لی گئی تھی۔ جی ہاں واقعی یہ 1997 میں فلپی کھان نامی سافٹ وئیر ماہر نے اس وقت لی جب ان کی اہلیہ نے بیٹی صوفی کو جنم دیا۔ فلپی کو بیٹٰ کی پیدائش کے بعد خیال آیا کہ ایسی ٹیکنالوجی ہونی چاہئے جس سے تصاویر فوری طور پر شیئر کی جاسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ایسی ڈیوائس تیار کی ہے جو درحقیقت ایک ڈیجیٹل کیمرہ تھا جسے فلپ ٹاپ موبائل فون کے ساتھ کنکٹ کردیا گیا۔ فلپی نے کوڈ کی کچھ لائنزکو ہسپتال کے اندر اپنے لیپ ٹاپ پر تحریر کیا اور اسے فون سے جوڑ دیا۔ مگر یہ معمولی سی جدت دنیا کو بدلنے کا باعث بن گئی اور فلپی کی اپنی بیٹی کے اولین لمحات کی تصویر فوری طور پر دو ہزار سے زائد لوگوں تک پہنچ گئی۔
اس سافٹ وئیر ماہر نے اپنے اس عارضی نمونے کو مزید بہتر کیا اور 2000 میں شارپ نامی کمپنی نے فلپی کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے پہلا کمرشل کیمرہ فون جاپان میں متعارف کرایا۔ اس کے بعد امریکی مارکیٹ میں ایسے فونز چند برسوں میں آگئے اور پھر ہر جگہ پھیل گئے۔ فلپی کھان کی اس ایجاد نے ہمارے رابطوں کے انداز کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا، دنیا کے تجربات کو محفوظ کرنا اور اسمارٹ فونز سمیت فوٹو شیئر ایپس کی بنیاد رکھی۔ اب روزانہ اسمارٹ فونز سے کروڑوں تصاویر دنیا بھر میں شیئر کی جاتی ہیں جن میں بچوں کی تصاویر کا حصہ کافی زیادہ ہوتا ہے۔