ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے ایپل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اگلے فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس ایٹ میں سے ہیڈ فون جیک کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سام سنگ سے متعلق رپورٹس سامنے لانے والی سائٹ سام موبائل کے مطابق اس فلیگ شپ فون میں نہ صرف ہیڈ فون جیک بلکہ ہوم بٹن کو بھی ختم کردیا جائے گا۔
ایپل نے بھی آئی فون سیون میں ہیڈ فون جیک کو نکال دیا تھا جو اقدام کافی متنازع بھی قرار پایا تھا جبکہ موٹرولا، ایچ ٹی سی وغیرہ نے اپنے اینڈرائیڈ فونز میں اس پورٹ کو ختم کیا۔
سام سنگ کو گلیکسی نوٹ 7 کی بیٹریاں پھٹنے کے مسئلے کے باعث اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا جبکہ متعدد صارفین نے اس جنوبی کورین کمپنی سے بھی منہ موڑ لیا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ گلیکسی ایس 8 کی کامیابی سام سنگ کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
اس فون میں یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ چارجنگ اور موسیقی سننے کے لیے دی جاسکتی ہے جبکہ اسٹریو اسپیکرز بھی اس کا حصہ ہوسکتے ہیں۔
اسی طرح ہوم بٹن کو ہٹا کر فنگر پرنٹ سنسر امولیڈ ڈسپلے کا حصہ بن سکتے ہیں اور ایسا ہی کچھ ایپل اپنے اگلے سال کے آئی فون میں بھی کرنے کا سوچ رہی ہے۔
سام سنگ کی جانب سے فون کو پہلے سے پتلا اور بیٹری کو زیادہ طاقتور بھی بنایا جائے گا۔
عام طور پر گلیکسی ایس سیریز کے فون فروری میں بارسلونا میں ہونے والے ایونٹ موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران متعارف کرائے جاتے ہیں تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ فون اب زیادہ دور نہیں۔