پیر, 25 نومبر 2024


کے ایچ ڈی آر اسکرین والا دنیا کا پہلا فون

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سونی نے اپنا فلیگ شپ فون ایکسپیریا ایکس زی پریمئیم متعارف کرا دیا ہے جو کہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 4 کے ایچ ڈی آر اسکرین کو دیا گیا ہے۔
جی ہاں سونی نے ڈیڑھ سال پہلے ایکسپیریا زی فائیو پریمئیم کی شکل میں دنیا کا پہلا اور اب تک واحد اسمارٹ فون متعارف کرایا تھا جس میں فور کے ڈسپلے دیا گیا تھا اور اب اس نئی ڈیوائس کی شکل میں فور کے ایچ ڈی آر اسکرین والا فون پیش کیا ہے۔
اور ایکسپیریا ایکس زی پریمئیم میں صرف ڈسپلے ہی واحد چیز لوگوں کی توجہ حاصل کرنے والا فیچر نہیں بلکہ کمپنی نے اسے دنیا کا سب سے 'بہترین اسمارٹ فون کیمرے' والی ڈیوائس بھی قرار دیا ہے۔
یہ کیمرہ 960 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے سلو موشن ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے موشن آئی ٹیکنالوجی کا نام دیا گیا ہے۔
موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران سونی کی جانب سے اسے پیش کیا گیا جو کہ گزشتہ سال کے ایکسپیریا ایکس زی کے مقابلے میں زیادہ بہتر فون ہے۔
5.5 انچ کی 4 کے ایچ ڈی آر اسکرین (3840s2160) دوسروں سے بالکل مختلف ہے کیونکہ کواڈ ایچ ڈی اسکرین کا ریزولوشن 2560x1440 ہوتا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
اس سے ہٹ کر فون میں اینڈرائیڈ 7.1 نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم، کوالکوم کا طاقتور اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، 4 جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے اور 3230 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔
سونی کے بیشتر فونز کی طرح یہ بھی واٹر اور ڈسٹ پروف ڈیوائس ہے مگر اس میں ایک انفرادیت یہ ہے کہ اس پر چکنے ہاتھوں کے نقش ثبت نہیں ہوتے۔
سونی نے اس میں اب تک کا سب سے بہترین کیمرہ اپ گریڈ کیا ہے۔
19 میگا پکسلز کا موشن آئی رئیر کیمرہ ' Predictive Capture ' موڈ کے ساتھ ہے جو اس وقت بھی فوٹو کھینچ لیتا ہے جب آپ نے شٹر کو ہٹ نہ کیا ہو جبکہ Predictive آٹو فوکس کو پہلے سے بہتر کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق کیمرے کا لینس اگرچہ 19 میگا پکسلز کا ہے مگر اسے بڑا کیا گیا ہے تاکہ زیادہ روشنی جذب کرکے کم روشنی میں بھی بہترین فوٹوز لے سکے، جبکہ فور کے الٹر ایچ ڈی ریکارڈ بھی اس کی مدد سے کی جاسکتی ہے۔
اس کا فرنٹ کیمرہ گزشتہ سال کے ماڈل کی طرح 13 میگا پکسلز کا ہے۔
یہ فون دو رنگوں میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم فی الحال اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح کمپنی نے گزشتہ سال کے ایکسپیریا ایکس زی کا اپ ڈیٹ ورژن ایکس زیز بھی متعارف کرایا جس میں موشن آئی ٹیکنالوجی کو پیش کیا گیا۔
کمپنی نے دو درمیانے درجے کے اسمارٹ فون ایکسپیریا ایکس اے 1 اور ایکس اے 1 الٹرا بھی ایونٹ کے دوران پیش کیے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment