اتوار, 24 نومبر 2024


فولادی طاقت رکھنے والا دنیا کا پہلالچک دار کپڑا تیار

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان میں ہوکائیڈو یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ہائیڈروجیل پر مشتمل ایک ایسا ہلکا پھلکا کپڑا تیار کیا ہے جو نہ صرف بے حد لچک دار ہے بلکہ فولاد سے 5 گنا زیادہ مضبوط بھی ہے۔ یہ کپڑا جسے ایف آر ایس سی یعنی ’’فائبر ری انفورسڈ سافٹ کمپوزٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، پانی سے بھرپور ہائیڈروجل اور گلاس فائبر فیبرک کو منفرد انداز میں یکجا کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔


اپنی مضبوطی، لچک اور پائیداری کی بناء پر یہ کپڑا بلٹ پروف جیکٹوں سے لے کر ہڈیاں جوڑنے والی پٹیوں تک میں استعمال کیا جاسکے گا۔ بظاہر آسان نظر آنے والی اس کامیابی تک پہنچنے میں جاپانی سائنسدانوں کو کئی سال لگے ہیں اور اس دوران وہ گلاس فائبر اور ہائیڈروجل کو مؤثر طور پر آپس میں ملانے کی کوششوں میں ناکام ہوئے تھے۔
ہائیڈروجل بہت ہلکا پھلکا اور لچک دار ضرور ہوتا ہے لیکن اتنا کمزور بھی ہوتا ہے کہ دباؤ پڑنے پر ٹوٹ جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں گلاس فائبر اپنی مضبوطی اور پائیداری کی وجہ سے مشہور ہے جسے ہمارے یہاں عام طور پر پانی کی ہلکی لیکن مضبوط ٹنکیاں بنانے میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے مگر وہ بالکل بے لچک ہوتا ہے جسے کھینچا یا موڑا نہیں جاسکتا۔
یہ لچکدار ہائیڈروجل کپڑا گلاس فائبر سے 25 گنا اور کاربن اسٹیل کے مقابلے میں بھی 5 گنا مضبوط ہے۔ یہ لچکدار ہائیڈروجل کپڑا گلاس فائبر سے 25 گنا اور کاربن اسٹیل کے مقابلے میں بھی 5 گنا مضبوط ہے۔
ہوکائیڈو یونیورسٹی میں ماہرین نے طویل کوششوں کے بعد بالآخر ان دونوں مادّوں کو یکجا کرنے میں کامیابی حاصل کر ہی لی اور نتیجتاً ایک ایسا کپڑا وجود میں آیا ہے جو لچک دار ہونے کے ساتھ ساتھ عام گلاس فائبر کے مقابلے میں 25 گنا اور کاربن فولاد (کاربن اسٹیل) کے مقابلے میں بھی 5 گنا زیادہ مضبوط ہے جب کہ اپنی گوناگوں خوبیوں کے باعث کثیرالمقاصد بھی ہے۔


سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس نئے ہائیڈروجل کپڑے کے لیے امکانات اور اطلاق کی اتنی وسیع دنیا موجود ہے کہ شاید ہی کسی شعبے میں اس کا استعمال ممکن نہ ہو۔ اس ایجاد کی تمام تکنیکی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’ایڈوانسڈ فنکشنل مٹیریلز‘‘ میں شائع ہوئی ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment