کارخانۂ قدرت کے خوش رنگ، خوش بُو دار، عجیب الخلقت نباتاتی اجسام جہاں صحت اور علاج میں مفید اور مددگار ہیں، وہیں انسانوں کے مختلف گروہوں کے نزدیک ان کی کوئی مذہبی اور روحانی حیثیت بھی ہوسکتی ہے۔
دنیا کے بعض پودے اور جڑی بوٹیاں ایسی ہیں جن کو مقدس اور بابرکت مانا جاتا ہے اور وہ جادوئی خاصیت کے حامل تصور کیے جاتے ہیں۔ تلسی انہی میں سے ایک ہے۔
تلسی کا شمار عام نباتات میں کیا جاتا ہے۔ اسے انگریزی زبان میں Basil کہتے ہیں۔ دنیا کے مختلف خطوں کی طرح برصغیر میں بھی تلسی ایک مشہور اور معروف پودا ہے۔
اس خطے میں بسنے والے ہندو اسے مقدس اور بابرکت مانتے ہیں۔ ہندوؤں کے عقیدے کے مطابق ایک دیوی نے تلسی کا روپ دھار لیا تھا اور اسی لیے یہ مقدس پودا ہے۔ ہندو مت میں تلسی کی پوجا کی جاتی ہے۔
مذہبی عقائد اور روحانی تصورات کو چھوڑ کر طبّی سائنس کی دنیا میں چلیں تو تلسی انسانوں کے لیے نہایت مفید اور ہماری صحت اور علاج میں سود مند بتایا جاتا ہے۔ طبی محققین کی مختلف رپورٹوں میں تلسی کے حیرت انگیز طبی فوائد سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس میں وٹامن، معدنیات، کیلشیم، کینسر کے خلاف مددگار اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش سے بچانے میں مدد دینے والے اجزا موجود ہیں۔
ایک حالیہ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ تلسی کے پتے جینیاتی نقائص کو دور کرکے ہمارے ڈی این اے کو صحت مند حالت میں برقرار رکھتے ہیں۔ اسی طرح اس پودے میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں جو دل کے لیے فائدہ مند ہیں، تلسی کولیسٹرول کم کرنے میں مددگار ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کے بعض اجزا جراثیم کُش صلاحیت رکھتے ہیں۔