اتوار, 24 نومبر 2024


فلم دکھانے سمیت ای میل کی سہولت فراہم کرنے والا فریج تیار

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) آج کمپیوٹر کے تیز رفتار دور میں گھریلو اشیا اس رفتار سے ترقی نہیں کررہیں جس طرح موبائل فون اور کمپیوٹر آگے بڑھ رہے ہیں لیکن اب کورین کمپنی نے ایک ایسا جدید فریج تیار کیا ہے جس کے کیمرے گھر پر بھی نظر رکھتے ہیں ۔

 

فریج کو ڈیجیٹل بورڈ کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے اور وہ فلم بھی دکھاتا ہے، خاندان کے تمام افراد اہم پیغامات یہاں چھوڑ سکتے ہیں اور دور ہونے کی صورت میں اس کے اسکرین پر پیغام اور ای میل بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فریج سے دور رہتے ہوئے اس کے اندر جھانک کر یہ معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کھانے کےلیے اس میں کیا کچھ رکھا ہوا ہے۔

 

فریج کے اوپری دروازے پر 21 انچ کا ایک فل ایچ ڈی ایل سی ڈی اسکرین لگا ہے جو کیلنڈر، یادداشت، ہدایات کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور بچے اس پر اپنی ڈرائنگ بھی بناسکتے ہیں، اس کے پاس ہی تین کیمرے لگے ہیں جو فریج کھولنے والے ہر فرد کو دیکھ کر اس کی ویڈیو بناتے ہیں اورسامنے کے واقعات بھی نوٹ کرسکتے ہیں جب کہ پھر ان تصاویر کو اسمارٹ فون پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ 

 

اس جدید فریج میں موجود کھانے کو جاننے کے لیے بھی ایپ استعمال کی جاسکتی ہے  یہی ایپ فریج کے ذریعے کھانا منگوانے کے لیے بھی استعمال ہوسکتی ہے۔

 

یہ انوکھا ریفریجریٹر آن لائن شاپنگ کرسکتا ہے اورخریدی ہوئی اشیا کا ریکارڈ اور رسیدیں بھی یاد رکھتا ہے، اس میں کریڈٹ کارڈ سے خریداری کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اسمارٹ فریج آپ کو تفریح بھی فراہم کرتا ہے کیونکہ اس میں بلیوٹوتھ وائرلیس اسپیکر بھی نصب ہیں جو موسیقی نشر کرسکتے ہیں۔ اگر اس کمپنی کا اسمارٹ ٹی وی آپ کے گھر میں ہے تو اس کے پروگرام وائرلیس کے ذریعے فریج کے ٹی وی اسکرین پر نشر ہوتے ہیں اور خواتین و حضرات باورچی خانے میں رہتے ہوئے اپنے پسندیدہ پروگرام دیکھ سکتے ہیں۔ 

 

کمپنی کی جانب سے ابھی اس کی قیمت نہیں بتائی گئی لیکن اس فریج کی فروخت رواں سال ہی شروع کردی جائے گی اور اسے پہلی مرتبہ لاس ویگاس کی ایک الیکٹرانک نمائش میں پیش کیا گیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment