ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ہمارے ہاں اہم شخصیات کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں مشکوک انکشافات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ جہاں درجنوں سیاستدانوں کی ڈگریاں جعلی ثابت ہو چکی ہیں وہیں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان بھی جعلی ڈگری کے الزامات کا سامنا کرچکی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی یہی غلطی کربیٹھیں۔ تاہم وہ خاصی تیز نکلیں اور تماشہ بننے سے پہلے ہی اپنی ویب سائٹ پر تعلیمی قابلیت کے بارے میں دی گئی معلومات تبدیل کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے آن لائن بائیوگرافی پیج میں ان کی تعلیم بیچلر آف آرکیٹیکچر اینڈ ڈیزائن بتائی گئی تھی۔ یہ معلومات ان کے آن لائن پیج پر جولائی کے مہینے تک موجود تھیں۔ جب انہوں نے ری پبلکن نیشنل کنونشن سے ایک اہم خطاب کیا۔ شاید تب ہی انہیں احساس ہو گیا کہ تعلیمی ڈگری کا بے بنیاد دعویٰ ان کے گلے پڑ سکتا ہے۔ لہٰذا آن لائن پیج پر ضروری تبدیلی کردی گئی۔ اور اب وہاں لکھا ہے، ”میلانیا ٹرمپ نے میلان اور پیرس میں اپنے ماڈلنگ کیریئر کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی تعلیم کو روک دیا۔“ یہ نہیں بتایا گیا کہ انہوں نے بعد میں رکی ہوئی تعلیم کو جاری کیا یا رُکا ہی رہنے دیا۔
واضح رہے کہ میلانیا ٹرمپ کے جولائی میں کئے جانے والے اہم ترین خطاب کے بعد بھی ایک بڑا ہنگامہ برپاہوگیا تھا۔ دراصل ان کی یہ تقریر موجودہ خاتون اول مشیل اوباما کی چوری شدہ تقریر تھی۔ بعدازاں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمین نے اس غلطی کا ذمہ دار ایک سٹاف ممبر میریڈتھ میک آئیور کو قرار دیا۔ جس نے مشیل اوباما کی تقریر نقل کرکے میلانیا ٹرمپ کو فراہم کی تھی۔