ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) مقبوضہ کشمیر کے علاقے نگروٹا میں بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے میجر سمیت دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں مسلح افراد اور بھارتی فوج کے درمیان مقابلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ سری نگر کے علاقے نگروٹا میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوج کے کمپاؤنڈ پر حملہ کردیا، مسلح افراد کی جانب سے کمپاؤنڈ میں گرنیڈ پھینکے گئے اسی دوران بھارتی فوج اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی میجر سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمپاؤنڈ میں تین خودکش حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاع ہے فوجی کمپاؤنڈ سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہے بھارتی فوج نے صورت حال سے نمٹنے کے لئے مزید نفری کو نگروٹا کی جانب روانہ کردیا ہے آخری اطلاعات کے مطابق مسلح افراد اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے حملے کے باعث انتظامیہ نے علاقے کے اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔