ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکا کے نومنتخب نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل میں مرکزی کردار ادا کرسکتے ہیں،دونوں ممالک چاہیں تو نو منتخب امریکی صدر ایٹمی طاقتوں کے درمیان معاملات طے کرواسکتے ہیں۔
گزشتہ روزامریکی ٹی وی کو انٹرویو میں نو منتخب نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسائل حل کرنے کی غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں، حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھی ہے، امریکی انتظامیہ کشمیر کا مسئلہ حل کروانے میں سنجیدہ ہے، خطے میں استحکام کیلئے جوہری ممالک کے درمیان معاملات حل ہونے چاہئیں، امریکا دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالث کا کردار ادا کرنے سے متعلق سوال پر مائیک پنس نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف امریکا کے داخلی امور پر توجہ دیں گے بلکہ دیرینہ عالمی مسائل کے حل کے لیے اپنی غیر معمولی صلاحیتیں بھی بروئے کار لائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چند روز قبل نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان رابطہ ہوا جس میں ڈونلڈٹرمپ نے انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ چین کی ناراضی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نئے صدر نے چینی ہم منصب سے دو ہفتے قبل ہی رابطہ کیا تھا دوسری جانب تائیوان کی صدر سے بات چیت اخلاقی تھی۔