لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ والد کے خون میں پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔
نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ طے شدہ طبی معاملہ ہے کہ نواز شریف کے خون میں پلیٹلیٹس کی کمی کی ایک وجہ زہر بھی ہو سکتی ہے۔ جو ایک یا دوسری صورت میں دیا جا رہا ہو۔ کسی کو شبے کا فائدہ نہ دیں۔ اگر نواز شریف کو کوئی نقصان پہنچا تو آپ جانتے ہیں کون لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ نیب کو کس طرح معلوم ہوا کہ پلیٹلیٹس خون پتلا کرنے والی دوائی سے کم ہوئے؟ خون کے ٹیسٹ کی وہ رپورٹ سامنے لائی جائے جو یہ ثابت کریں؟ تاریخ گواہ ہے ایسی روش کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکی۔
حسین نواز نے کہا کہ ہمیں حالات کے جبر کی وجہ سے بھولنا نہیں چاہیے کہ مریم نواز بھی بیمار ہیں۔ حکومت پنجاب کی طرف سے نہ تو ان تک ڈاکٹر کو رسائی دی گئی ہے نہ ان کی بیماری کے بارے میں تفصیلات سے ہی آگاہ کیا گیا ہے۔ انہیں بے وجہ قید رکھا گیا ہے۔