منگل, 03 دسمبر 2024


چین؛ ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا

چینی شہر ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے اور لوگوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم صرف ان ہی شہریوں کو ووہان شہر سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی جن کے اسمارٹ فون کی ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ میں ’’سبز‘‘ کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس ’’کووِڈ 19‘‘ کی وبا 2019 کے اختتامی دنوں میں چینی شہر ووہان سے شروع ہوئی جو آج ایک عالمی وبا میں تبدیل ہوچکی ہے اور جس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والوں کی تعداد پندرہ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

چین نے فوری حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 23 جنوری سے ووہان میں مکمل لاک ڈاؤن/ قرنطینہ کردیا جس کے تحت نہ تو وہاں کے رہنے والوں کو شہر چھوڑنے کی اجازت تھی اور نہ ہی کسی دوسرے شہر کا باشندہ وہاں داخل ہوسکتا تھا۔ البتہ صرف طبّی عملے اور سرکاری ذمہ داران کو وہاں فرائض کی انجام دہی کےلیے آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

ووہان میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر دوسرے شہروں کو جانے والے لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment