کوئٹہ : صوبے بھرمیں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے بلوچستان حکومت نے چھٹی سے بارہویں تک زیر تعلیم لڑکیوں کو ماہانہ وظائف دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
سیکرٹری خزانہ بلوچستان نورالحق بلوچ کے مطابق ششم تا ہشتم 500، نہم دہم 800 اور انٹر کی طالبات کو ماہانہ 1 ہزار روپے وظیفہ دیا جائیگا، کابینہ سے منظوری کے بعد عملدرآمد شروع ہوگا۔ بلوچستان حکومت اپنے وسائل سے سالانہ ایک ارب 20 کروڑ روپے ماہانہ وظائف پر خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ششم جماعت سے بارہویں جماعت تک ایک لاکھ دس ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں۔ طلبہ کو دیئے جانے والے اسکالر شپ کو خورد برد سے بچانے کے لئے رقم طالبات کے اکاونٹس میں براہ راست منتقل کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی منظوری کے بعد یکم جنوری سے اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔