ایمز ٹی وی (چترال ) ڈی آئی جی ہزارہ سید وزیر نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا طیارہ آبادی سے دور گرا ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں45 منٹ مزید لگ جائیں گے۔
نجی ٹی وی 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ کا کہنا تھا کہ حویلیاں کے قریب طیارہ گر کر تباہ ہوا ہے اور جہاں طیارہ گرا ہے وہاں سے آگ کے شعلے بھی بلند ہورہے ہیں۔ طیارہ پہاڑی علاقے میں گرا ہے تاہم وہاں گاڑیاں بھی جاسکتی ہیں اور راستوں کے حوالے سے کوئی دشواری نہیں ہے ۔
چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لاپتہ ہونے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 آبادی سے دور پہاڑوں میں گری ہے اور اطلاع ملتے ہی فوری طور پر پولیس پارٹی جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئی ہے جو 10 سے 15 منٹ میں پہنچ جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں مزید 45 منٹ لگ سکتے ہیں۔