ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماﺅں کا اجلاس شروع ہو گیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت کنٹرول لائن پر صورتحال سے متعلق بریفنگ دی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے افراد کا خود استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور دیگر سربراہان کی جانب سے مثبت روئیے اور گرمجوشی کا اظہار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمان، قمرالزمان کائرہ، حنا ربانی کھر، فرحت اللہ بابر، تحریک انصاف کے شاہ محمد قریشی اور شیریں مزاری، اے این پی کے غلام احمد بلور، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، ایم کیو ایم پاکستان کے فاروق ستار، حاصل بزنجو اور حکومتی وزراءپرویز رشید، خواجہ آصف اور چوہدری نثار علی خان بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اجلاس کے شرکاءکو پاک بھارت کشیدگی، کنٹرول لائن کی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دے رہے ہیں جبکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز بھی اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دیں گے۔
واضح رہے کے عوامی مسلم لیگ کے رہنماء شیخ رشیدکو اس اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو نہیں کیا گیا اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے بھی اس کی تصدیق کی تھی جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شیخ رشید کو مدعو نہ کرنے پر مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت یکجہتی پیدا کرنا چاہتی ہے تو پھر شیخ رشید کو بھی مدعو کیا جائے۔