پیر, 25 نومبر 2024


30اکتوبرکے فیصلے کو قومی اسمبلی کے اسپیکر نے رد کردیا


ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی کے اسپیکر سردارایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ تمام اراکین کوبات کرنے کے لئے موقع دیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وہ بارباراراکین سے یہ کہتے رہے کہ اجلاس کشمیرکے مسئلے پربلایا ہے، اس لئے اسی پربات کی جائے لیکن وہ کسی کا منہ بند نہیں کرسکتے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ ان کے پاس جو بھی ریفرنسز آئے انہوں نے ان کو رولز کے مطابق 30 دنوں کے اندر الیکشن کمیشن کوبجھوادیا ہے اورانہوں نے مذکورہ ریفرنسزکے حوالے سے اپنا موقف بھی الیکشن کمیشن کو بتادیا ہے، اس لئے اب ریفرنس کے معاملے میں ابہام مکمل طور پر ختم ہونا چاہئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ احتجاج اوردھرنے والوں کو پہلے بھی مایوسی ہوئی ہے اور اب بھی احتجاج اور دھرنوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ 30 اکتوبرکو شہربھی بند نہیں ہوگا۔ احتجاج اور دھرنے والے باقاعدہ سازش کے تحت ملک میں چین سمیت دیگر ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو بھگانا چاہتے ہیں مگر ایسے لوگوں کو پہلے بھی مایوسی ہوئی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا، ملک ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا اور ملک میں جمہوریت بھی چلتی رہے گی۔ عمران خان کو سمجھانے کی ضرورت نہیں، وہ سمجھداراوربالغ ہیں بچے نہیں اوروہ اپنا اچھا برا خود سوچ سکتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment