ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان اور روس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشقیں، فرینڈ شپ دو ہزار سولہ جاری ہیں، دونوں ممالک کی افواج دہشتگردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں تو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں دفاعی تعلقات کے نئے دورکی بھی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تاریخ کی پہلی پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں اس عزم کا عملی ثبوت ہیں
افغانستان کے بارڈر کے قریب پہاڑی علاقے میں ہونے والی ان مشقوں میں دونوں ممالک کے ایک سو فوجی جوان حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں کے دوران جہاں ہیلی کاپٹرز سے رسے کی مدد سے دشمن کے علاقے میں اترنے کی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا وہیں موبائل نیوی گیشن، جاسوسی اور پیغام رسانی کے مختلف ذرائع بھی استعمال کئے گئے۔
دونوں ممالک میں پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی پہلی پاک روس فوجی مشقوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔