ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی حکومت نے مریم اورنگزیب کو وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان دیدیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ہوں گی اور ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آج کسی بھی وقت جاری کر دیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی بیٹی ہیں اور خواتین کی مخصوص نشست پر قومی اسمبلی کی رکن بنی تھیں۔ وہ وزارت داخلہ کی پارلیمانی سیکرٹری کا کردار ادا کر رہی تھیں جبکہ خواتین کیلئے اصلاحات میں بھی انہوں نے کا فی کردار ادا کیا ہے اور حکومت کی ترجمانی کرنے والے میڈیا سیل میں بھی وہ کافی فعال کردار ادا کر رہی تھیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں وزیر اطلاعات و نشریات بنانے کی منظوری دیدی ہے۔
واضح رہے کہ پرویز رشید سے حکومت کی جانب سے استعفیٰ لئے جانے کے بعد وزارت اطلاعات خالی ہوئی تھی تاہم آج وفاقی حکومت کی جانب سے نئے وزیر کا نام سامنے آ گیا ہے۔ پرویز رشید کو ڈان اخبار میں قومی سلامتی کے خلاف خبر چھپنے سے رکوانے میں ناکامی پر ہٹایا گیا۔