پیر, 25 نومبر 2024


تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل کا اہم کردار


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے ،مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں گارڈ پیش کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل کا کردار اہم رہا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں بھی جنرل راحیل شریف کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مضبوط ملکی دفاع کیلئے آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج اور فضائیہ نے یک جان دو قالب ہو کر کام کیا۔ ائیر چیف مارشل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کیلئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی اے ایف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment