ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شریف خاندان کے لندن فلیٹس کی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ملکی تاریخ کے اہم ترین پاناما کیس میں شواہد کے طور پر شریف خاندان کے لندن فلیٹس کی دستاویز ات جمع کرادی ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دستاویز متفرق درخواست کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہیں جو التوفیق کیس کو شریف خانداد سے منسلک کرنے کے متعلق ہیں۔
یاد رہے شریف خاندان کا نام پاناما لیکس میں آنے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور انکے خاندان کے خلاف پی ٹی آئی ، عوامی مسلم لیگ ،جماعت اسلامی ا وردیگر افراد نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے جہاں پاناما لیکس کیس زیر سماعت ہے اور اس سلسلے میں عمران خان نے اب لندن میں شریف خاندان کے فلیٹس کا ریکارڈ بھی سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے ۔
سپریم کورٹ اب تک اس کیس کی چھ سماعتیں کر چکا ہے تاہم اگلی سماعت 30نومبر ہو ہونے جا رہی ہے جس کیلئے تحریک انصاف نے حامد خان کی جگہ نعیم بخاری کو دلائل دینے کیلئے وکیل مقرر کیا ہے ۔
تحریک انصاف کا موقف ہے کہ پاناما لیکس میں آنے والی وزیر اعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں او ر دیگر جائیدادوں کیلئے پیسے پاکستان سے بھیجے گئے جس کیلئے منی لانڈرنگ اور دیگر خفیہ ذرائع استعمال کیے گئے تاہم وزیر اعظم نے ان اثاثوں کا زکر نہ ہی اپنے گوشواروں میں کیا اور قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران بھی اس حوالے سے متضاد بیانات دیے جس پر انہیں نااہل قرار دیا جائے ۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنی درخواست کی پیروی خود کر رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے بھی وزیر اعظم نواز شریف اور انکے بچوں کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے تاہم عدالت نے ان تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کا آغاز کر رکھاہے جس کے لئے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے ۔
یاد رہے عمران خان گزشتہ دنوں لندن میں اپنے دوست کی ہمشیرہ کی شادی میں شرکت کیلئے گئے تھے جہاں انہوں نے شریف خاندان کے فلیٹس کے ثبوت اور شواہد اکٹھے کیے جنہیں آج سپریم کورٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ عمران خان کے ہمراہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی بیرون ملک پہنچے تھے ۔