ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم نواز شریف پر چارج عائد کرانے کے لیے ترسیلات زر کو روک کر ملک کی معیشت کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں پر دباﺅ ڈالنے کے لیے ماضی میں بھی نیب ،الیکشن کمیشن ،سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ کا گھیراﺅ کیا اور اب بھی سپریم کورٹ جیسے غیر سیاسی ادارے پر دباﺅ ڈال رہے ہیں ۔
پاناما لیکس کیس کی سماعت میں وقفے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کی مد میں سالانہ 20ارب ڈالر پاکستان میں آتا ہے جس پر ملک کی معیشت کھڑی ہے،عمران خان وزیراعظم پر چار عائد
کرانے کے لیے ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کراکے ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان کس کے لیے کام کر رہے ہیں ،پاکستان کے لیے یادشمنوں کے لیے ؟۔ان کا کہنا تھا کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہہ رہا ہوں عمران خان اداروں پر دباﺅ ڈالنے کی سازش کر رہے ہیں ۔سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کا پاکستانی معیشت سے بہت گہرا تعلق ہے ، عمران خان نے سی پیک سے متعلق گمراہی پھیلانے کی کوشش کی اورچینی پارٹنرز کو کنفیوژ کرنے کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہو سکی ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور سراج الحق کے پی کے میں حکمران ہیں ،وہ صوبے میں اپنی کارکردگی پر بات نہیں کرتے ،ڈیرہ اسماعیل خان میں جیل ٹوٹنے پر کس نے استعفا دیا جو آپ دوسروں سے استعفے مانگتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں خیبر بینک کو لوٹا گیا اور بلین ٹری منصوبے میں گھپلے سامنے آگئے ،عمران خان کوئی مقدس گائے نہیں ،وہ جوکام کرتے ہیں سب کو پتہ ہے ۔