منگل, 26 نومبر 2024


دشمنوں کو دھوکہ دینے والی ابابیل میزائل کا کامیاب تجربہ پاک فوج کے نام

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاکستان نے 2200 کلومیٹر تک مار کرنے والے ابابیل میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم نواز شریف نے کامیاب تجربے پر قوم اور مسلح افواد کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ زمین سے زمین پر مار کرنے والے ابابیل میزائل کا پہلا کامیاب تجربہ کر لیا گیا ہے۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والا یہ میزائل 2200 کلومیٹر تک کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ میزائل ملٹی پل انڈیپنڈنٹ ری انٹری وہیکل کا حامل ہے اور متعدد جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ دشمن کے ریڈار کو بھی باآسانی دھوکہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، نیول اور فضائیہ کے سربراہان نے کامیاب تجربے پر قوم، مسلح افواد اور انجینئرز کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے بھی پاک فوج کی جانب سے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اور مسلح افواج کامیاب تجربے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment