ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف سے ورلڈ بینک کی سی ای او کرسٹیلینا جارجیوا نے ملاقات کی ہے جس میں وزیراعظم نے انہیں پاک بھارت آبی تنازع سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ عالمی بینک ثالثی عدالت کے ذریعے اس اہم معاملے کے تصفیے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ورلڈ بینک کے ساتھ شراکت کو بہت اہمیت دیتا ہے، ورلڈ بینک پاکستان میں 31 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا جب کہ 2014 کے بعد اسٹرکچرل اصلاحات اور توانائی منصوبوں کے لیے اڑھائی ارب ڈالر کا قرضہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم قومی اہمیت کا منصوبہ ہے، تربیلا فور، تربیلا فائیو اور داسو ہائیڈرو پراجیکٹ کے لیے ورلڈ بینک کا تعاون گراں قدر ہے، اس کے علاوہ حکومت بلوچستان میں چھوٹے اور دریائے سندھ پر مزید بڑے ڈیم بھی بنانا چاہتی ہے۔
وزیراعظم نے ورلڈ بینک کی سی ای او کرسٹیلینا جارجیوا سے ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے عالمی بینک ثالثی عدالت کے ذریعے تنازعات حل کرائے گا۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کی چیف ایگزیکٹو افسر کرسٹیلینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم سے مل کر بہت خوشی ہوئی، آخری مرتبہ 2011 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم اب پاکستان میں بہت مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، پاکستان میں انفراسٹرکچر اور معیشت بہتر جب کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، عالمی بینک پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر سالانہ کی سرمایہ کاری کررہا ہے تاہم پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں