ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں ایگزیکٹو پاسپورٹ دفتر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے اسلام دشمن اقدامات سے دہشت گردوں کو فائدہ پہنچے گا، دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا مناسب نہیں، دنیا جانتی ہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا، امریکی ویزا پابندی سے دہشت گردوں کا کچھ نہیں بگڑے گا لیکن دہشت گردی کے شکار لوگوں کی مشکلات میں ضرور اضافہ ہوگا۔
2015 میں واشنگٹن میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ان سمیت 60 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ اگر دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں بین الاقوامی طور پر متحد اور متفق ہونا ہوگا اور اس کے لیے ضروری ہے دہشت گردی کو اسلام سے نہ جوڑاجائے، دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار بھی مسلمان ہوئے ہیں، دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب مسلمان بستے ہیں، ان میں سے چند ہزار بھٹک جائیں تو ڈیڑھ ارب کو سزا نہیں دی جاسکتی
ملک بھر میں ایگزیکٹو پاسپورٹ دفاتر کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ 69 سال میں ملک بھر میں 94 پاسپورٹ آفس قائم کئے گئے لیکن ہم نے سوا سال میں 74 نئے پاسپورٹ آفس کھولے،مارچ کےاختتام تک مزید 14 پاسپورٹ دفترقائم کریں گے اور 3 بڑے شہروں میں میگا سینٹر بھی بنائے جائیں گے، مارچ کے آخرتک پاکستان کا کوئی ضلع پاسپورٹ آفس کے بغیرنہیں ہوگا
لاپتہ بلاگرز کی بازیابی سے متعلق چوہدی نثار نے کہا کہ گمشدہ افراد سے متعلق گزشتہ ہفتوں میں بہت بات ہوئی، انہوں نے اس معاملے پر سینیٹ میں بیان دیا اور چیئرمین سینیٹ کو بھی آگاہ کیا، کسی کو غائب کرنا حکومت کی پالیسی نہیں ہے، ساڑھے 3 سال میں کسی کو غائب نہیں کیا گیا، اس وقت اللہ تعالیٰ کا کرم ہے تمام بلاگرز اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں، سلمان حیدر نے رپورٹ درج کرانے سے معذرت کی ہے