ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما لیکس کیس کی سماعت کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں خطوط ارسال کر کے وزیراعظم کو بچانے والا قطری شہزادہ کرپٹ ترین آدمی ہے،قطری شہزادہ شریف خاندان کا بزنس پارٹنر ہے ،نواز حکومت نے ایل این جی اور پورٹ قاسم کا کنٹریکٹ قطری کو دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات سالوں میں شریف خاندان نے قطری کا کبھی نام نہیں لیا ،جب سے سپریم کورٹ آئے ہیں کبھی قطری ون اور کبھی قطری ٹو آجاتا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ مجھ پر آف شور کمپنی کا الزام لگا یا جاتا ہے ،میں اور میرا خاندان اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں نواز شریف منی ٹریل بچوں پر ڈال دیتے ہیں اور بچے کہتے ہیں ہمیں کچھ نہیں پتہ سب کچھ دادا کو پتہ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ 1993سے لے کر 2006تک فلیٹس قطری کے نام تھے تو اس عرصے میں 30کروڑ روپے کرایہ بنا ،یہ کرایہ کس نے ادا کیا ،جب بھی ثبوت مانگو تو قطری حاتم طائی بن کر آجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قطری کرپٹ ترین انسان ہے جس نے سیف الرحمان سے مل کر ایل این جی اور پورٹ قاسم کے کنٹریکٹ لیے ہیں ۔