ایمزٹی وی(اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جے آئی ٹی کو جاتی امراء انوسٹی گیشن اتھارٹی قراردیدیا۔
تفصیلات کے مطابق جنی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے پانامہ فیصلے پر جے آئی ٹی بنانے کے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاتی امراء انوسٹی گیشن اتھارٹی ہے اس لئے اس سے کسی انصاف کی توقع نہیں ہے یہ وزیراعظم کے ماتحت کام کرے گی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ججز نے قطری خط کو کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا،2 سینئر ججز نے کہا کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے،وزیراعظم کا اب وہ مقام نہیں رہا جو حکمراں کا ہوتا ہے اس لئے استعفیٰ دینا چاہیے ۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ جاری ہے،مٹھائی کھانے والے 60 دن بعد شام غریباں منائیں گے،مجھے امید تھی تین ججز ادھر اور دو ادھر ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ پی پی میں جان پڑی پہلے وہ پانامہ اور نیوز لیکس پر بات نہیں کرتے تھے،عمران خان کو گرینڈ الائنس بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ووٹر کو سمجھ آگئی ہے کہ چور کون ہے اور چوکیدار کون ہے،کل سراج الحق سے بات ہوئی ان کی والدہ بیمار ہیں ورنہ ان کو آج لال حویلی آنا تھا۔