ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاناما لیکس پر جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد وزیر اعظم نوازشریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان تناﺅ کی خبریں گردش کر رہی ہیں ، وزیر داخلہ گزشتہ روز ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نہ صرف دیر سے پہنچے بلکہ اجلاس کے دوران ہی چلے گئے۔اجلاس کے دوران جے آئی ٹی رپورٹ اور اس کے بعد کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اپنے تحفظات کا برملا اظہار کیا ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ میرے مخلصانہ مشوروں کو نظر انداز کیا گیا ، پارٹی کے بعض رہنماﺅں نے اداروں کیخلاف سخت زبان استعمال کی اور غلط مشوروں کے باعث آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرا عظم نوازشریف نے جوابا کہا کہ آپ نے جتنی وفاداری دکھائی اس سے کہیں زیادہ آپکو عزت سے نوازا،ہمیشہ آپکے کھل کر بات کرنے کی حوصلہ افزائی کی اور آپکے شکووں کے بارے میں علیحدہ جواب دوں گا۔