ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے آج شام 5 بجے منعقد کی جانے والی پریس کانفرنس ناساز ی طبیعت کی وجہ سے کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ ڈاکٹرز کی ہدایت پر شدید کمر درد کے عارضے کی وجہ سے وزیر داخلہ کو مکمل آرام دیا گیا ہے ، آج ملتوی کی جانے والی پریس کانفرنس کل پانچ بجے منعقد کی جائے گی۔
ترجمان وزارت داخلہ نے مزید کہا میڈیا سے درخواست ہے کہ اس حوالے سے قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور اس کو کوئی اور معنی نہ پہنائے جائیں، پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض طبیعت کی ناسازی ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان پاناما کیس پر وزیر اعظم اور پارٹی سے ناراض ہیں، انہوں نے کابینہ سمیت پارٹی کے کئی اہم اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کی ۔ ان کی کمر میں بھی تکلیف ہے تاہم ان کی پارٹی سے ناراضی بھی انہیں اجلاسوں میں شرکت سے روکتی رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے اہم وزرا اور رہنماﺅں کی جانب سے چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کیں لیکن سب بے سود رہیں۔ انہوں نے اصولی موقف اپنا رکھا ہے کہ وہ پریس کانفرنس میں ہی اپنے گلے شکوے کریں گے ۔ دوسری جانب میڈیا میں قیاس آرائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ چوہدری نثار اپنی پریس کانفرنس میں وزارت یا پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔