اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے فنڈز کے لیے اپیل کر دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں فنڈز کی اپیل کر دی، انھوں نے خصوصی پیغام میں کہا ملک میں غربت بڑھ رہی ہے، اوورسیز پاکستانی پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں پیسا دیں۔
وزیر اعظم نے کہا ‘بیرون ملک اوورسیز پاکستانیوں کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرونا کا عذاب آیا ہے، لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں پیسا دیں۔’
وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں امریکا، جرمنی اور جاپان کے اعداد و شمار بھی پیش کیے، ان کا کہنا تھا کہ 30 کروڑ آبادی والے امریکا نے 2 ہزار 200 ارب ڈالر کا ریلیف دیا ہے، جرمنی اور جاپان کی آبادی پاکستان سے آدھی ہے، لیکن انھوں نے اپنے لوگوں کو 1 ہزار ارب ڈالر کا ریلیف دیا ہے، جب کہ پاکستان نے اب تک صرف 8 ارب ڈالر ریلیف کے لیے جمع کیے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپیل کی کہ اوورسیز ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں، پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے، ہم اوورسیز پاکستانیوں اور ٹائیگر فورس کی مدد سے کرونا کے خلاف جہاد میں کامیاب ہوں گے۔