ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے بہت نزدیک کے لوگ ان کے خلاف سازش کررہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بہت ہی قریبی ساتھی ان کے خلاف سازش کررہے ہیں اور یہ بات سابق وزیراعظم بخوبی جانتے ہیں کہ ان کا دشمن کون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی قائم مقام وزیراعظم ہیں اور اس سال کا لطیفہ یہ ہے کہ شاہد خاقان عباسی ہی نااہل شخص کو وزیراعظم کہتے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے یوٹرن نہیں لیا بلکہ حقیقت یہ ہے کہ نئی مردم شماری میں سندھ کی آبادی کم دکھائی گئی، آبادی کے لحاظ سے ہماری 10 سے 12 سیٹیں بڑھنی چاہئے تھیں،ہم قبل از وقت انتخابات کے حامی نہیں الیکشن 2018 جولائی یا اگست میں ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات پرانی مردم شماری پر ہونے چاہئیں کیوں کہ اب نئی مردم شماری پر سوالیہ نشان ہے اور ویسے بھی مسلم لیگ (ن) کو اس پر کوئی تحفظات نہیں ہونے چاہئیں کیوں کہ 2013 کی مردم شماری پر ہی انہوں نے کامیابی حاصل کی تھی۔