پیر, 25 نومبر 2024


این اے 120 ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن میں چیلنج

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے نتائج الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیے۔
لاہور کے حلقہ این اے 120 سے تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کیا اور اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی۔ یاسمین راشد نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این اے 120 ضمنی انتخاب میں بڑے پیمانے پر بےضابطگیاں اور بےقاعدگیاں ہوئیں۔
الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حلقے میں 29 ہزار متنازع ووٹ ہیں جسے کھنگالا تو پتہ چلا کہ 30 فیصد افراد فوت ہوچکے اور 30 فیصد ملک سے باہر ہیں۔ یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے پاس شواہد ہیں کہ حلقے کے وہ افراد جو وفات پاچکے ہیں ان کے بھی ووٹ ڈالے گئے، ان شواہد کو الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے۔
یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد حلقے میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ممنوع ہوتا ہے لیکن حلقے میں مسلسل ترقیاتی منصوبوں کا کام ہوتا رہا جس کے شواہد بھی پیش کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نواز نے یاسمین راشد کو 14 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment