ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت معطل کردی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نوازش پیرزادہ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے کہا کہ عدالتی مفرور کے کاغذات نامزدگی منظور نہیں کیے جاسکتے۔
سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کے پیش نہ ہونے پر ان کی سینیٹر شپ عبوری طور پر معطل کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کہاں ہیں، کس دن ٹھیک ہو جائیں گے؟َ۔ وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کی طبیعت ابھی ٹھیک نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اسحاق ڈار کو ایک نہ ایک دن تو واپس آنا ہی ہوگا، بتائیں اسحاق ڈار کتنے دن میں آ جائیں گے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ خبروں میں تو ہم انہیں آتا جاتا دیکھتے رہتے ہیں، ٹی وی پر صحت مند نظر آتے ہیں، یہاں میڈیکل سرٹیفکیٹ دے دیتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کے مقدمے کی سماعت عید الفطر کے بعد ہوگی۔
واضح رہے کہ نوازش پیرزادہ نے سینیٹ انتخابات میں اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو چیلنج کیا ہے