اتوار, 24 نومبر 2024


جذبہ خیر سگالی پر بھارت کے پیچھے ہٹنے سے پاکستان افسردہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی پر بھارت کے پیچھے ہٹنے سے افسوس ہوا۔

امریکا روانگی سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تصفیہ طلب مسائل کا حل بات چیت میں ہے، جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ بھارت نے ابتدا میں وزرائے خارجہ ملاقات پر آمادگی ظاہر کی اور پھر انکار کے لیے جواز تلاش کیا، پاکستان کے جذبہ خیر سگالی پر بھارت کے پیچھے ہٹنے سے افسوس ہوا۔ ملاقات کی منسوخی بھارت کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوئی، ملاقات سے انکار کے لیے بھارت نے جولائی کے معاملے کو ستمبرمیں بہانہ بنا کر پیش کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں پاکستان کا موقف بھرپور طریقے سے بیان کیا جائے گا، جنرل اسمبلی اجلاس کے علاوہ دیگر اجلاسوں اور ملاقاتوں میں بھی پاکستان کا بھرپور انداز میں موقف پیش کیا جائے گا، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی دوسری ملاقات پاکستان امریکہ تعلقات میں بہتری کے سلسلے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو نیو یارک ہی میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے بھی ملاقات کرنا تھی تاہم بھارت مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کا بہانہ بنا کر ملاقات طے کرکے مُکر گیا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment