پیر, 25 نومبر 2024


10سال بعد پاکستان کے لئے برٹش ایئرویز بحال ہوگئی

اسلام آباد: 10 سال بعد برطانیہ نے اسلام آباد سے لندن کے لیے برٹش ائیر ویز کی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان میں پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا، اس موقع پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنررچرڈ کراؤڈر، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔
نمائندہ برٹش ایئر ویز نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت بہت مشہور ہے اور یہ خوبصورت ملک ہے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر کمپنی نے فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو ایئر پورٹ فلائٹ آپریٹ کرے گی، لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلائٹ آپریشن آئندہ سال جون سے شروع ہوگا اور دو طرفہ ٹکٹ 499 پاؤنڈ میں دستیاب ہوگا۔
 
اس موقع پرقائم مقام برطانوی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں تیسرا بڑا سرمایہ کار ہے، دونوں ممالک کے تعلقات بہت خاص ہیں، برطانیہ میں 15 لاکھ لوگوں کی آبائی جڑیں پاکستان میں ہیں، پاک فوج اورعوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہت بہتر ہے، پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کا رابطہ دنیا بھر سے قائم رہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment