ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی نے اقلیتوں کے لیے ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پرعام تعطیل کی قرارداد منظورکرلی ہے۔ قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن رمیش کمارنے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا تھا کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں دیوالی، ہولی اور ایسٹر کے موقع پر ان کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ قرارداد پر بحث کے دوران وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے ایوان کو بتایا کہ چھٹیوں کا اختیار وزارت داخلہ کے پاس ہے جب کہ وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ پاکستان میں چھٹیوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، پاکستان میں چھٹیوں کے معاملہ پر نظرثانی ہونی چاہیے، اگر چھٹیوں پر نظر ثانی کی جائے تو اقلیتوں کو چھٹیاں مل سکتی ہیں، انہوں نے درخواست کی کہ قرارداد کو مسترد نہ کیا جائے۔ بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائےہےکہ حکومت ہولی،دیوالی اورایسٹرپرعام تعطیلات کےاقدامات کرے۔