ایمزٹی وی (راولپنڈی)عوامی تحریک نے گذشتہ روز راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے صدر سلطان نعیم کیانی کی سربراہی میں راولپنڈی-اسلام آباد پریس کلب کے باہر ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے بھی پاناما پیپرز لیکس کے معاملے پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے خلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایک ایسی تنظیم کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے جو پاک فوج کے زیرِ انتظام کام کرے اور وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف کرپشن الزامات کی تحقیقات کرے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ عوامی تحریک کے سلطان نعیم کیانی کا کہنا تھا، 'اگر پاناما یپیرز معاملے کی تحقیقات ایک ایسی تنظیم کرے جو فوج کی زیر نگرانی کام کرے، تو وزیراعظم کو استعفیٰ دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم اگر کوئی دوسری تنظیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تو وزیراعظم نواز شریف کو تحقیقات کے آغاز سے قبل استعفیٰ دے دینا چاہیے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما پیپرز لیکس نے مقامی اشرافیہ کی مالیاتی خردبرد کو بے نقاب کیا ہے، ان کامزید کہنا تھا کہ اب یہی وقت ہے کہ ملکی سیاست کو کرپشن اور نااہلی سے پاک کیا جائے۔ کیانی کا کہنا تھا، 'حکمران خاندان کو عوام کے پیسے سے حاصل کی جانے والی آمدنی اوراس پیسے کی بیرون ملک منتقلی کے حوالے سے جواب دہ ہونا چاہیے۔
Leave a comment