اتوار, 24 نومبر 2024


ڈرون حلوں کے خلاف تحریک انصاف قومی اسمبلی میں!

ایمزٹی وی(اسلام آباد) تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف تحریک التوا جمع کرادی گئی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی گئی ہے۔ تحریک التوا میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت کے تحفظ کے حوالے سے ریاست پر سوالیہ نشان ہے اور یہ انتہائی اہم قومی نوعیت کا معاملہ ہے اسے ایوان میں زیر بحث لایا جائے ۔ ڈرون حملے میں مارے جانے والے مبینہ طور پر افغان طالبان لیڈر کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر ایران اور متحدہ عرب امارات کا مستند ویزا اورولی محمد کے پاس پاکستان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ہونا سنجیدہ اور تشویشناک سوالات کو جنم دیتا ہے۔ ملکی سالمیت پر حملے کے بعد سفارتی،سیاسی اورعسکری سطح پر بھی رد عمل سامنے نہیں آیا جس سے شبہ ہوتا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے مابین افغان پالیسی پر خلا موجود ہے۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی جانب سے بھی واقعے پر متضاد بیانات سامنے آرہے ہیں ،امریکی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حملے سے پہلے پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ حکام و قیادت کو اعتماد میں لینے کے ساتھ اطلاع بھی دی گئی تھی جبکہ پاکستانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مجھے حملے کے بعد اطلاع دی گئی ۔ تحریک التوا میں درخواست کی گئی ہے کہ ایوان میں جاری معمول کی کارروائی معطل کرکے ملکی سالمیت پر حملے کے معاملے کو زیر بحث لایا جائے۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملوں کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔ ڈرون حملے جاری رکھنے خلاف قرارداد اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے پیش کی ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کے خلاف حکومت جرات مندانہ حکمت عملی کا اعلان کرے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment