ایمزٹی وی(آزادکشمیر) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے گذشتہ روز ہونے والے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے میدان مار لیا۔ قیاس آرائیاں تھیں کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مینڈیٹ تقسیم ہوگا ، لیکن مسلم لیگ (ن) نے اپنی بڑی حریف جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو زیادہ تر اضلاع میں شکست سے دوچار کیا۔ تفصیلات کے ممطابق غیر سرکاری نتائج کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود کے بہنوئی چوہدری اشرف بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سے ہار گئے۔ ضلع بھمبر میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر چوہدری طارق فاروق اور پارٹی کے نامزد امیدوار کرنل وقار نون بالترتیب بھمبر سٹی اور برنالہ سے کامیاب ہوئے۔ ضلع پونچھ کی 10 سیٹوں میں سے 9 پر مسلم لیگ (ن) یا ان کے اتحادی جے کے پی پی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ضلع کوٹلی کے 5 میں سے 3 حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کی برتری رہی۔ جبکہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 7 نشستیں حکمران جماعت نے حاصل کرلیں جبکہ بقیہ 2 نشستوں کے نتائج رات گئے تک موصول نہیں ہوئے تھے۔ پاکستان میں کشمیری پناہ گزینوں کے 12 حلقوں میں سے 9 پر مسلم لیگ (ن)، 2 پر پی ٹی آئی اور ایک پر پیپلز پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسری جانب سندھ سے 2 نشستیں حاصل کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کو بھی اتنخابات میں بڑا جھٹکا لگا۔