ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے خالق آباد اور اپنے حلقہ انتخاب چکسواری میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت وفاق نہیں نفاق کی علامت ہے ،اسے ملک کی نہیں اپنی تجارت کی فکرہے ،پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں 16 سے 18 گھنٹے طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے ،اس کا ردعمل انتخابات میں عوام دیں گے ، 50 ارب روپے کا نام نہاد اور جعلی ترقیاتی پیکیج کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونک نہیں سکتا،عام انتخابات میں یہودی ایجنٹوں اور مودی کے یاروں کو عبرتناک شکست دینگے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ وفاقی وزراء کے انتخابات میں بڑے پیمانے پردھونس دھاندلی کے مذموم منصوبے ناکام بنائیں گے اور ان کے سارے خواب ادھورے ہی رہ جائیں گے ،پیپلزپارٹی کے خلاف اقتدار پرستوں کے تمام گٹھ جوڑ ناکام ہونگے ۔ خطے میں خرید وفروخت کی منڈیاں قائم کرکے عوامی حق رائے دہی پرشب خون مارنے والوں کا یوم حساب قریب آگیاہے ، اب ن لیگ کی بیساکھیاں کسی کام نہیں آئیں گی۔ وزیراعظم نے ادھ پلائی کے مقام پرحاجی ادریس کی افطار پارٹی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر چوہدری صفدر، چوہدری محمد، چوہدری باوا، چوہدری اللہ داد، چوہدری محمود، چوہدری خادم، مہربان حسین، احسن الیاس، شیخ شکور، شیخ لیاقت، چوہدری داد، چوہدری حبیب سمیت لدھڑ، پینڈا، ادھ پلائی اور دیگرملحقہ دیہات کے سینکڑوں افراد نے چوہدری عبدالمجید کی حمایت کابھرپور اعلان کیااور وزیراعظم پراعتماد کااظہار کیا۔
Leave a comment