پیر, 25 نومبر 2024


ملک بھر میں آج عیدالاضحٰی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے


ایمز ٹی وی (لاہور) ملک بھر میں آج عیدالاضحٰی مذہبی جوش وخروش کے ساتھ منائی جارہی ہے اور لاکھوں فرزندان اسلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔


ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں نماز عید کے اجتماعات مساجد، میدانوں اور کھلی جگہوں پرمنعقد کئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات فیصل مسجد اور لال مسجد میں ہوئے۔

روشنیوں کے شہر کراچی کی تین ہزار سے زائد مساجد و امام بارگاہوں میں نماز عید کے خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے، اس سلسلے میں مساجد کے علاوہ عیدگاہوں ، پارکوں اور کھلے مقامات پر بھی انتظامات کئے گئے، بلدیہ عظمی کراچی کے زیراہتمام نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع گلشن جناح پولو گراؤنڈ میں ہوا


جہاں اعلی سرکاری شخصیات، سندھ کابینہ کے ارکان، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، بلدیہ عظمی کراچی کے افسران، مسلم ممالک کے سفارتکار اور عمائدین شہر نے عیدالاضحی کی نماز ادا کی، نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی و استحکام اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئی، جس کے بعد ہزاروں فرزندان توحید نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیوں کا سلسلہ شروع کیا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے شہر بھر میں مجموعی طور پر پولیس اور رینجرز کے 25 ہزار اہلکار تعینات ہیں۔


لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد لاہور میں ہوا، عیدالاضحیٰ پر دہشتگردی کے خدشے کے باعث صوبے بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کردی گئی ہے جبکہ لاہور سمیت 15 اضلاع کو حساس قرار دے دیا گیا پے، ان میں ملتان، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ ، فیصل آباد، گجرات، بہاولپور، بہاولنگر، جھنگ، شیخوپورہ، خانیوال، وہاڑی، سرگودھا،


پاکپتن اور راولپنڈی بھی شامل ہیں، ان اضلاع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ایک لاکھ سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔


کوئٹہ میں عیدالضحی کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ طوغی روڈ پر منعقد ہوا، اس کے علاوہ 116 مقامات پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں سے 16 مقامات کو حساس ترین قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اے ٹی ایف، بلوچستان کانسٹیبلری، آر آر جی، پولیس اورفرنٹیئرکور کے جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہر میں سادہ کپڑوں میں ملبوس جوان ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں اور پولیس کی ٹیمیں بھی گشت کررہی ہے اور شہرکے مختلف مقامات پرچیکنگ کاعمل بھی جاری ہے۔


پشاور اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع اور قبائلی علاقوں میں گزشتہ روز ہی عیدالاضحی منائی گئی جبکہ بعض علاقوں میں عید آج منائی جارہی ہے۔ پشاور میں عید گاہ چارسدہ روڈ سمیت مختلف مقامات پر پر نماز عیدالضحی کے اجتماعات ہوئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment