ایمزٹی وی(ٹیکسلا)ٹیکسیلا میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کشمیری اور فلسطینی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے زور پر قومیں غلام نہیں بن سکتیں، جتنا طاقت کا استعمال ہوگا نفرت اتنی بڑھے گی، سیاسی اختلاف اپنی جگہ پوری قوم فوج کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس معاشرے میں انصاف ہو وہ خوشحال ہوجاتا ہے، جو ملک خوشحال ہیں وہاں سب سے کم کرپشن ہے، نیب ٹھیک ہوتا تو نواز شریف کو ہتھکڑیاں لگ چکی ہوتیں، میاں صاحب نے اپنے غلام کو نیب کا سربراہ لگایا ہوا ہے، شریف برادران نے ملک کے کسانوں کو تباہ کردیا، کرپشن کے باعث یہاں سرمایہ کاری نہیں آرہی، ہمیں کرپشن کے بادشاہ کو شکست دینی ہوگی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے رائے ونڈ مارچ سے پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان کردیا، بولے کہ کوئی ساتھ دے نہ دے، اکیلا جاؤں گا، رائے ونڈ آخری پڑاؤ نہیں، پنجاب پولیس اور گلو بٹوں کو وارننگ دیتا ہوں کہ 30 ستمبر کو کچھ نہ کرنا، کچھ ہوا تو بھیڑ بکریوں کی طرح چپ نہیں بیٹھیں گے، سب کو واٹس ایپ نمبر دیں گے، پولیس روکے تو ہمیں بتائیں، ہمارا جمہوری حق چھینا گیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔