پیر, 25 نومبر 2024


بھارت کی سمجھوتہ ایکسپریس سروس بحال رکھنے کی اپیل


ایمز ٹی وی(لاہور) پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سے دہلی جانے والی واحد ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس سروس پڑوسی ملک کی درخواست پر ایک روز کے لیے بند کرنے کے اعلان کے بعد بھارت کی سروس بحال رکھنے کی اپیل پر ٹرین معمول کے مطابق چلانے کا اعلان کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال کے پیش نظر انڈیا کی درخواست پر پاکستان کے علاقے لاہور سے بھارت جانے والی خصوصی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس سروس ایک روز کے لیے بند کردی گئی تھی تاہم بھارت نے سروس دوبارہ بحال رکھنے کی درخواست کردی۔

سی ای او ریلوے جاوید انور نے بھارتی دخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے پیر کے روز سمجھوتہ ایکسپریس سروس بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں بھارت نے 1 گھنٹے کے اندر بندش کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پاکستان سے سروس بحال رکھنے کی درخواست کی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے نے بھارت کی سروس بحال رکھنے کی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے سمجھوتہ ایکسپریس شیڈول کے مطابق چلائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیر کے روز سروس بحال رہے گی اور خصوصی ٹرین پاکستان کے علاقے لاہور سے بھارتی علاقے امرتسر روانہ ہوگی‘‘۔

یاد رہے پاکستان سے بھارت آنے جانے کے لیے خصوصی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس چلائی جاتی ہے جو لاہور کے راستے بھارت میں داخل ہوتے ہوئے اٹاری اسٹیشن پہنچتی ہے، وہاں پہنچنے کے بعد مسافروں کی امیگریشن کا عمل اور سامان کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے بعد ازاں ٹرین بھارت کے دارالحکومت روانہ ہو جاتی ہے۔

Samjhota-2

سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت سے پاکستان آنے والے مسافروں کی امیگریشن اٹاری کے مقام پر ہوتی ہے تاہم پاکستانی حدود میں داخل ہونے کے بعد واہگہ بارڈر کے قریب تفتیش کے بعد مسافروں کو پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment