ایمز ٹی وی(مظفر آباد) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ یہ پاکستان آرمی ہے کوئی 5 کلومیٹر اندر آکر بچ کر دکھائے، پاک فوج نے دشمن کے چہرے سے جھوٹ کا نقاب نوچ کر کنٹرول لائن کی گھاٹیوں میں پھینک دیا۔
پاک فوج کی جانب سے پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کوکنٹرول لائن کا دورہ کرایا گیا جہاں باغ سرکے مقام پر میڈیانمائندوں بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ مہم جوئی کرنے والے دشمن کوایسا جواب ملے گا جو کسی نے سوچا بھی نہ ہوگا، سرجیکل اسٹرائیکس کے کھوکھلے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر بھارتی ہیلی کاپٹر آئے تو کیا وہ بے آواز تھے، پیرا ٹروپرز کو نیچے اتارا اور گولی بھی نہ چلی، بھارتی دعوے مکمل طورپر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں، بھمبر اورتتہ پانی سیکٹرز پردونوں طرف کی افواج مورچہ بند ہیں، کئی سطحوں پرمشتمل ڈیفنس لائن موجود ہے اور ایل اوسی پار کرنا ممکن ہی نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ایل او سی کے دورہ کرانے کا مقصد بھارتی جھوٹ کو عیاں کرناہے ، سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوے کو بے نقاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیزفائر کی خلاف ورزی پر بھارتیوں کو جو جواب ملا اس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئیں لیکن بھارت اسے چھپا رہا ہے، ایل او سی کی نہ فزیکل خلاف ورزی ہوئی نہ ہو سکتی ہے اور نہ کرنے دیںگے ، کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کوکسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا اور کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔