ایمز ٹی وی(لاہور) نرسنگ کے شعبہ میں گریڈ 18کی اسامیوں پر براہ راست بھرتیوں کااقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے،
اس سلسلے میں فضیلت بی بی وغیرہ کی طرف سے دائر درخواستوں پر جسٹس جواد حسن نے چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری صحت اور چیئرمین پبلک سروس کمشن سے جواب طلب کرلیا ہے تاہم فاضل جج نے بھرتیاں روکنے کے لئے عبوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا منظور نہیں کی ۔
درخواست گزاروں کی جانب سے موقف اختیارکیا گیاکہ پنجاب حکومت نے 25جنوری 2017ءکوگریڈ 18میں براہ راست اسسٹنٹ ڈائریکٹرنرسنگ ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ، پرنسپل نرسنگ سمیت مختلف 31 اسامیوں کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کیں۔پنجاب نرسنگ ہیلتھ رولز2014ءکے تحت 75فیصد کوٹہ پرگریڈ 17کی نرسوں کوترقی دی جائے گی
جبکہ 25فیصد براہ راست بھرتی کی جاسکیں گی لیکن اب گریڈ 18گریڈکی تمام بھرتیاں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جارہی ہیں جس سے پنجاب ہیلتھ نرسنگ رولز2014ءکی خلاف وزری ہونے کے ساتھ ساتھ درخواست گزاروں کی محکمانہ ترقی بھی متاثرہوگی۔ انہوں نے استدعا کی کہ گریڈاٹھارہ میں براہ راست بھرتیوں کا اقدام کالعدم قرار دیتے ہوئے 2014ءکے رولز کے تحت گریڈ 17کی نرسوں کوترقی دینے کاحکم دیاجائے