ایمز ٹی وی (کراچی) رینجرز نے سکھر اور حب چوکی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کامران خراسانی اور قاری عطاء اللہ کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ہے، ملزمان جیکب آباد دھماکے کا مرکزی ملزم اور دوسرا معاونت کار ہے۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’رینجرز نے مصدقہ اطلاع پر سکھر اور حب چوکی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، دونوں ملزمان 9 محرم الحرام 23 اکتوبر کو لاشاری محلے جیکب آباد میں ہونے والے بم دھماکے کے مرکزی ملزمان ہیں‘‘۔
اعلامیے میں کہا گیاہے کہ ملزمان کی شناخت کامران خراسانی اور قاری عطاء اللہ کے نام سے ہوئی جو جیکب آباد بم دھماکے کے منصوبہ ساز اور دوسرا معاونت کار ہے، رینجرز کے مطابق ملزم کامران بم دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
رینجرز اعلامیے مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا ہے تاہم انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے
اعلامیے میں کراچی اور سندھ کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگر د نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن، ای میل ، ایس ایم ایس، قریبی چیک پوسٹ یا پھر رینجرز مددگار واٹس ایپ پر دیں