ایمز ٹی وی (کراچی)وفاقی اردو یونیورسٹی کے بعض اساتذہ کی جانب کی بی اے پرائیویٹ کے امتحانی کاپیاں نہ جانچے جانے کے باعث نتائج غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں اور شعبہ امتحانات چھ ماہ کی تاخیر کے بعد بھی بی اے پرائیویٹ (سال اول) کے نتائج جاری نہیں کرسکا ہے جس کے سبب بی اے پرائیویٹ کے سینکڑوں طلباء و طالبات ذہنی کرب کا شکار ہیں اور ان کا تعلیمی سیشن تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بی اے پرائیویٹ سال اول کے یہ نتائج محض ایک ٹیچر کی جانب سے کاپیاں جانچ کر شعبہ امتحانات کے حوالے نہ کرنے کے سبب تاخیر کا شکار ہوئے ہیں جبکہ شعبہ امتحانات نے نتائج کی تاخیر کا ذمہ دار متعلقہ ٹیچر کو قرار دیتے ہوئے تحریری طور پر یونیورسٹی انتظامیہ کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات مسعود مشکور نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایک اساتذہ رہنما کے پاس شعبہ تاریخ عمومی کی سینکڑوں کاپیاں موجود ہیں جو جانچ کر شعبہ امتحانات کے حوالے ہی نہیں کی گئی ہیں ۔