ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستان پیپلز پارٹی کا نادرا کے خلاف احتجاج

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے مردم شماری قریب ہونے کے باوجود نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کی جانب سے ابھی تک سندھ میں لوگوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز بنا کر دینے کی مہم شروع نہ کرنے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
نثار کھوڑو جو سندھ کابینہ میں سینیئر وزیر بھی ہیں، نے قائم مقام ڈی جی نادرا کو فون کرکے سندھ حکومت کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی میں 15مارچ سے مردم شماری شروع ہونے جا رہی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے 30فیصد شہریوں کے پاس شناختی کارڈز نہیں ہیں اور نادرا نے ابھی تک انہیں کارڈز فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں۔نثار کھوڑو نے تجویز پیش کی کہ اگر نادرا شناختی کارڈز بنانے کی مہم شروع نہیں کرسکتا تو مردم شماری کے لیے قومی شناختی کارڈز کی شرط ختم کردینی چاہئیے، دوسری صورت میں نادرا، کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی کے لیے شناختی کارڈز بنانے والی موبائل وینز فراہم کرے تاکہ لوگ اپنا شناختی کارڈ حاصل کریں اور خود کو مردم شماری میں رجسٹرڈ کراسکیں۔
اس موقع پر قائم مقام ڈی جی نادرا نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ نادرا نے کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی کے لیے شناختی کارڈز بنانے والی موبائل وینز فراہم کی تھیں تاہم کراچی بڑا شہر ہے اس لیے وہاں کی آبادی کو کارڈز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جلد مزید موبائل وینز کا اہتمام کیا جائے گا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment